اقوام متحدہ کے 142 ارکان نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے ووٹ دیا، صدرایمانویل میکروں

جمعہ 26 ستمبر 2025 15:59

اقوام متحدہ کے 142 ارکان نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے ووٹ دیا، ..
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)فرانس کے صدر ایمانویل میکروں نے کہا ہے کہ فرانس اور سعودی عرب کی شراکت داری سے اقوام متحدہ کے 142 ارکان نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے ووٹ دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کی کوششوں اور تعاون سے کامیابی مل رہی ہے اور یہ ایک تاریخی مرحلہ ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

اس سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت مضبوط ہوگئے ہیں، اسی وجہ سے نیو یارک میں کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ ہوا اور فلسطین ایشو کو حل کرنے پر زور دیا گیا۔ایمانویل میکروں نے زور دے کر کہا کہ نیو یارک کانفرنس کا اعلامیہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلق کے نتیجے میں سامنے آیا، تاکہ غزہ میں جنگ بندی ہو سکے۔

(جاری ہے)

یہ ایک جامع اور قابل عمل فریم ورک ہے، جس کے ذریعے دو ریاستی حل کا نفاذ ممکن ہوگا،خطے میں امن و سلامتی کا ثمر سب کو ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دستاویز ایک ایسے خاکے کا اظہار ہے جو غزہ میں جنگ کے خاتمے کا عزم ظاہر کرتی ہے اور ایک پر امن اور پائیدار حل کے راستے کی طرف لے جاتی ہے۔انہوں نے اس امر کو بھی اجاگر کیا کہ سعودی عرب اور فرانس کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ان کی بنیاد مشترکہ ترجیحات ہیں۔ خصوصا انسانی ترقی، ثقافت، معیشت، ٹیکنالوجی اور سکیورٹی سے متعلق معاہدے دونوں کے درمیان اہم ہیں۔

فرانسیسی صدر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات علاقائی و بین الاقوامی استحکام کے لیے مفید ہیں، ان کے یہ خیالات ان کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے ساتھ ہی سامنے آئے ہیں۔ جہاں انہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور اس بڑے ہونے والے گروپ کا حصہ بن گئے جس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔