ٹرمپ انتظامیہ کا نیا فیصلہ، صرف زیادہ تنخواہ والے غیرملکی ہی امریکا آسکیں گے

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:38

ٹرمپ انتظامیہ کا نیا فیصلہ، صرف زیادہ تنخواہ والے غیرملکی ہی امریکا ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایچ-ون بی ویزا کے انتخابی عمل کو تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ زیادہ مہارت رکھنے والے اور زیادہ تنخواہ لینے والے غیر ملکی کارکنوں کو ترجیح دی جا سکے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اگر ویزا درخواستوں کی تعداد قانونی حد 85 ہزار سے بڑھ گئی تو نئے قواعد کے تحت اعلی اجرت والے اداروں کی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد امریکی کارکنوں کو غیر منصفانہ اجرتی مقابلے سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔یہ تجویز اس وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل وائٹ ہاس نے اعلان کیا تھا کہ کمپنیوں کو ہر سال نئے ایچ-ون بی ویزے کے لیے ایک لاکھ ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس اعلان سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں بے چینی پھیل گئی تھی، تاہم بعد میں وضاحت دی گئی کہ یہ فیس صرف نئے ویزوں پر لاگو ہو گی۔

(جاری ہے)

فیڈرل نوٹس کے مطابق، اگر ضابطے کو حتمی شکل مل گئی تو نئے اصول 2026 کی قرعہ اندازی سے لاگو ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ پہلے بھی اس پروگرام کو سخت کرنے کی کوشش کر چکی تھی لیکن قانونی اور سیاسی رکاوٹوں کی وجہ سے ناکام رہی تھی۔امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا اندازہ ہے کہ نئے قواعد کے تحت ایچ-ون بی کارکنوں کو دی جانے والی کل اجرت 2026 میں 502 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی اور 2029 سے 2035 کے درمیان یہ اجرتیں بڑھ کر 2 ارب ڈالر سالانہ ہو جائیں گی۔اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال ایچ-ون بی ویزا سے سب سے زیادہ فائدہ بھارت کو ہوا جسے 71 فیصد ویزے ملے، جبکہ چین 11.7 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔