ترک فضائی کمپنی کا امریکا سے 225 طیاروں کی خریداری کا فیصلہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:59

ترک فضائی  کمپنی    کا  امریکا سے  225   طیاروں کی خریداری کا فیصلہ
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اورامریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع ملاقات کے بعد ترک فضائی کمپنی نے امریکی کمپنی بوئنگ سے 225 طیاروں کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق ترکش ایئرلائنز نے جمعہ کو اعلان کیا کہ وہ 75 بوئنگ B787 طیارے خریدے گی اور ڈیڑھ سو 737-8/10 MAX طیاروں کی خریداری کے لیے مذاکرات مکمل کر چکی ہے، جو انجن ساز کمپنی سی ایف ایم انٹرنیشنل کے ساتھ بات چیت سے مشروط ہے۔

استنبول سٹاک مارکیٹ کو فراہم کردہ بیان میں ترکش ایئرلائنز نے کہا کہ اس نے بوئنگ سے B787-9 اور B787-10 ماڈل کے 75 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں 50 حتمی اور 25 اختیاری آرڈرز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق ان طیاروں کی ترسیل 2029 سے 2034 کے درمیان متوقع ہے۔طیاروں کے انجن، اضافی انجن اور انجن کی دیکھ بھال کی خدمات کے حوالے سے رولز رائس اور GE ایرو سپیس کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ترکش ایئرلائنز نے یہ بھی تصدیق کی کہ اس نے بوئنگ کے ساتھ مزید 150 طیاروں کی خریداری کے لئے مذاکرات مکمل کر لیے ہیں جن میں 100 پختہ اور 50 اختیاری آرڈرز 737-8/10 MAX ماڈلز کے لئے شامل ہیں۔کمپنی نے کہا کہ 737-8/10 MAX طیاروں کے آرڈرز انجن ساز کمپنی CFM انٹرنیشنل کے ساتھ بات چیت کے کامیاب اختتام سے مشروط ہوں گے۔