اپنے وطن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،شاہ سلمان

بدھ 24 ستمبر 2025 17:47

اپنے وطن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،شاہ ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی دن کی مناسبت سے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمارے پیارے وطن میں شریعتِ اسلامی اور عدل پر قائم وحدتِ قومی اور نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔سعودی عرب قیادت اور عوام اپنا 95واں قومی دن عزنا بطبعنا کے نعرے کے ساتھ منا رہے ہیں۔

یہ دن ایک تاریخی واقعے کی یاد تازہ کرتا ہے، جب بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود نے شاہی فرمان کے ذریعے تمام خطوں کو متحد کر کے مملکتِ سعودی عرب کے قیام کا اعلان کیا اور 23 ستمبر 1932 کو اس دن کو جشنِ قومی کے طور پر منتخب کیا۔مملکت اپنے 95ویں قومی دن پر ترقی و تعمیر کی نئی داستان رقم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پائیدار ترقی کے راستے پر ثابت قدمی سے آگے بڑھتے ہوئے یہ سفر بانی شاہ عبدالعزیز کے ورثے سے جڑا ہے اور آج یہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد، وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں ایک بلند وژن سے آگے بڑھ رہا ہے۔

گذشتہ دہائیوں میں سعودی عرب نے عالمی سطح پر نمایاں مقام قائم کیا ہے اور مختلف شعبوں میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنایا ہے۔ مملکت اقتصادی ترقی، سماجی تبدیلی اور جدید ترقیاتی منصوبوں میں ایک مثالی ماڈل بن چکی ہے، جو ان بنیادی اصولوں پر قائم ہے جو شاہ عبدالعزیز نے ایک راسخ العقیدہ ریاست کی بنیاد رکھتے ہوئے متعین کیے تھے، جس کا دستور قرآن و سنت اور پرچم کلم توحید ہے۔