ملتان ، پولیس مقابلے میں مختلف وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک

بدھ 24 ستمبر 2025 13:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان اور ڈاکوؤں کے درمیان نادرن بائی پاس کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جو سرقہ بالجبرا اور وہیکلز چوری کی 33 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم دورانِ گشت گلشن رحمان کالونی کے قریب موجود تھی کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ دوسرا ڈاکو، جس کی شناخت محسن علی کے نام سے ہوئی، زخمی حالت میں گرفتار ہوا مگر بعدازاں دم توڑ گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے 30 بور پسٹل برآمد ہوا جبکہ موقع سے چھوڑی گئی موٹرسائیکل بھی ملی جو تھانہ شاہ رکن عالم کے مقدمہ نمبر 1146/25 میں مسروقہ نکلی۔ فائرنگ کے دوران کانسٹیبل فواد حسن کو گولی لگی تاہم بلٹ پروف جیکٹ ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔سی سی ڈی ترجمان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی محکمے کی اولین ترجیح ہے، پرامن اور محفوظ معاشرہ ہی سی سی ڈی کا اصل ہدف ہے۔