تحریک انصاف نے ورلڈ بینک کی رپورٹ پر ردعمل جاری کردیا

رپورٹ نے ترقی ترقی کے گیت گاتی فارم 47 کی حکومت اور اس کے زر خرید میڈیا کے جھوٹ ایک بار پھر بے نقاب کردئیے، موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہوچکا، غربت اور بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے؛ پارٹی بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 ستمبر 2025 15:50

تحریک انصاف نے ورلڈ بینک کی رپورٹ پر ردعمل جاری کردیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ورلڈ بینک کی رپورٹ پر ردعمل جاری کردیا گیا۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کی رپورٹ مطابق ترقی کا موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہوچکا ہے غربت اور بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے، ورلڈ بینک رپورٹ نے ترقی ترقی کے گیت گاتی فارم 47 کی حکومت اور اس کے زر خرید میڈیا کے جھوٹ ایک بار پھر بے نقاب کر دئیے۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ متوسط طبقہ جو کل آبادی کا 42.7 فیصد ہے وہ بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، رپورٹ میں ایک تشویشناک حقیقت یہ بتائی گئی ہے کہ پاکستان کے 15 سے 24 سال کی عمر کے 37 فیصد نوجوان نہ تو ملازمت کر رہے ہیں اور نہ ہی تعلیم یا تربیت میں شامل ہیں، جس کی وجہ سے آبادی کا دباؤ اور مزدور منڈی کی طلب و رسد میں عدم توازن ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ عالمی بینک نے پاکستان میں غربت سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال میں غربت کی شرح میں 7 فیصد کا اضافہ ہوا، 2022ء میں پاکستان میں غربت کی شرح 18.3 فیصد تھی اور پاکستان میں غربت کی موجودہ شرح 25.3 فیصد ہے، 2023/24ء میں غربت کی شرح 24.8 فیصد تھی اور 2024/25 میں غربت کی یہ شرح برح کر 25.3 فیصد ہو گئی۔

پاکستان سے متعلق ورلد بینک کی اس رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ 001ء سے 2015ء تک پاکستان میں غربت کی شرح میں سالانہ 3 فیصد کمی ہوئی، 2015ء سے 2018ء تک پاکستان میں غربت کی شرح میں سالانہ ایک فیصد کمی ہوئی، 2018/19ء کے بعد ہاؤس ہولڈ سروے نہیں کیا گیا، تاہم 2022ء کے بعد غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جب کہ 2020ء میں غربت کی شرح میں کورونا کے بعد اضافہ ہوا تھا۔