پاکستان اور سعودی عرب کے نجی شعبے کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 24 ستمبر 2025 19:06

پاکستان اور سعودی عرب کے نجی شعبے کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)پاکستان اور سعودی عرب کے نجی شعبے مختلف معاشی شعبوں، خصوصاً ٹیکسٹائل انڈسٹری میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مشترکہ طور پر تلاش کرنے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دیں گے۔ یہ اتفاق رائے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صدر میاں ابوذر شاد اور سعودی کاروباری وفد کے سربراہ مجاھد زید العبلان کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن رانا محمد نصار اور سعودی وفد کے ارکان حریس قرشی، سلمان زید العبلان اور محمد عامر جاوید بھی موجود تھے۔سعودی وفد کے سربراہ مجاھد زید العبلان نے پاکستانی مصنوعات کی سعودی مارکیٹ میں بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری کے نتائج نمایاں ہیں اور لاہور چیمبر کو نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے میں مزید تعاون فراہم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں مختلف شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی مصنوعات اگر سعودی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا لیں تو وہ متعدد دیگر علاقائی منڈیوں تک بھی رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک لوکیشن، ہنر مند افرادی قوت، وافر قدرتی وسائل اور مسابقتی صنعتیں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور نہ صرف پاکستان کا دل ہے بلکہ پنجاب میں کاروباری اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بھی ہے اور سعودی عرب سے آئے ہوئے کاروباری دوستوں کی میزبانی ہمارے لیے باعث مسرت ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

میاں ابوذر شاد نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہائیوں کے دوران ان تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔ دونوں ممالک اب نئے ویژن اور عزم کے ساتھ اس شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ہے اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات معیار اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ امید ہے کہ سعودی کاروباری ادارے پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں، اسٹریٹجک شراکت داریوں اور طویل المدتی تجارتی تعاون کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے سعودی وفد کو لاہور چیمبر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو پاکستان کی قابل اعتماد اور نمایاں ٹیکسٹائل کمپنیوں سے جوڑنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ چاہے آپ کی دلچسپی گارمنٹس، فیبرکس، یارن یا ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں ہو، ایل سی سی آئی ہر مرحلے پر رہنمائی اور مدد کے لیے تیار ہے۔