wگورنر خیبرپختونخوا سے ڈی جی نادرا خالد عنایت اللہ کی ملاقات

ظ*ڈی آئی خان کے علاقے کڑی خیسور میں نادرا سنٹر 28 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار

بدھ 24 ستمبر 2025 19:20

6پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈائریکٹر جنرل نادرا خالد عنایت اللہ نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں نادرا سنٹرز کے قیام اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی نادرا نے گورنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے دور دراز علاقے کڑی خیسور میں نادرا سنٹر کے قیام کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور اس کا افتتاح 28 ستمبر کو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سنٹر کے قیام سے دیہی آبادی کو شناختی کارڈز کے اجرائ ، تجدید، بچوں کی پیدائش کے اندراج سمیت دیگر سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔ملاقات کے دوران صوبے کے جنوبی اضلاع کے پسماندہ علاقوں میں مزید پانچ نادرا سنٹرز کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈی آئی خان صوبے کا سب سے دور دراز ضلع ہے، وہاں ادارہ جاتی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔