محتسب گوجرانوالہ کی کھلی کچہری، وفاقی محکموں کے حوالے سے شکایات سن کرفوری حل کے احکامات

بدھ 24 ستمبر 2025 19:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجن آفس گوجرانوالہ کے انچارج ملک مشتاق احمد اعوان نے سیالکوٹ ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری منعقد کی۔ اس موقع پر وفاقی اداروں کے خلاف شکایات پیش کرنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور اپنے مسائل براہِ راست بیان کیے۔ کھلی کچہری کے دوران لوگوں نے بجلی، گیس، نادرا، پاسپورٹ آفس، واپڈا، پی ٹی سی ایل، پوسٹل سروسز اور دیگر وفاقی محکموں کے حوالے سے اپنی شکایات پیش کیں۔

ملک مشتاق احمد اعوان نے نہ صرف شکایات کو بغور سنا بلکہ موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا۔ انہوں نے اس موقع پر زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو مفت اور تیز رفتار انصاف فراہم کرنے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کو یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ ان کی شکایات سننے اور حل کرنے کے لیے ایک مؤثر فورم موجود ہے جہاں کسی قسم کی فیس یا پیچیدہ کارروائی کے بغیر داد رسی کی جاتی ہے۔

ملک مشتاق احمد اعوان نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب اعجاز قریشی نے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے کسی بھی قسم کی تاخیر یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسی سلسلے میں ریجنل دفاتر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مختلف اضلاع میں جا کر کھلی کچہریوں کے ذریعے لوگوں کے مسائل سنیں اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے اقدامات کریں۔

کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں نے اپنے مسائل کے فوری ازالے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو اپنے حقوق کے حصول میں سہولت ملی ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ اس سے قبل وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مختلف دفاتر کے چکر کاٹتے رہتے تھے لیکن اب ایک ہی فورم پر ان کی شکایات سنی جا رہی ہیں اور فوری احکامات بھی جاری ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے وفاقی محتسب کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ضلعی کونسل ہال میں شکایات کے اندراج اور کارروائی کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے گئے جہاں عملہ شہریوں کو رہنمائی فراہم کرتا رہا۔ کھلی کچہری کے اختتام پر ملک مشتاق احمد اعوان نے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا مشن ہے اور ہم اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بلا جھجک اپنی شکایات وفاقی محتسب کے دفتر یا آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی درج کروائیں تاکہ انہیں بروقت انصاف مل سکے۔ یہ کھلی کچہری شہریوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ وفاقی اداروں کے لیے بھی ایک پیغام تھی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔ عوامی سطح پر اس کھلی کچہری کو نہ صرف سراہا گیا بلکہ اسے عوامی خدمت کے ایک مؤثر ماڈل کے طور پر بھی دیکھا گیا