بلوچستان کے عوام اپنی بیٹیوں کو ایچ پی وی ویکسین ضرور لگوائیں ، ایم این اے سردار یعقوب ناصر

بدھ 24 ستمبر 2025 19:50

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) ایم این اے سردار یعقوب ناصر نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کو HPV ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ انہیں مستقبل میں جان لیوا سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھا جا سکے ،ایچ پی وی وائرس خواتین کے لیے ایک خاموش مگر خطرناک دشمن ہے جو ہر سال ہزاروں خواتین کو کینسر میں مبتلا کر دیتا ہے۔

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں یہ ویکسین بچیوں کو دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اگر 9 سے 14 سال کی بچیوں کو بروقت ویکسین لگائی جائے تو مستقبل میں 90 فیصد تک کیسز کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں HPV ویکسینیشن مہم جاری ہے جس کے دوران والدین اپنی بیٹیوں کو یہ ویکسین مفت لگوا سکتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کے روشن اور صحت مند مستقبل کے لیے اس مہم کا حصہ بنیں اور حکومت پاکستان کے اس اقدام کو کامیاب بنائیں اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں کیونکہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنی بیٹی کو انجکشن لگا کر تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیدیا ہے۔\378