یقین رکھیں! سروائیکل کینسر کی ویکسین تصدیق شدہ ہے اور 147 ممالک میں استعمال ہو رہی ہے

ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا نے ویکسین کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کیا، ابھی عمر کی حد9 سے 15 سال ہے، آئندہ ایج بریکٹ صرف 9 سال ہوگی۔ وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 ستمبر 2025 20:02

یقین رکھیں! سروائیکل کینسر کی ویکسین تصدیق شدہ ہے اور 147 ممالک میں استعمال ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 ستمبر 2025ء ) صوبائی وزراء خواجہ عمران نذیر اور رانا سکندر حیات کی زیرصدارت محکمہ صحت و آبادی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سکولز، سپیشل سیکرٹری صحت و آبادی، ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز، ڈائریکٹر ای پی آئی بھی موجودتھے جبکہ صوبہ بھر سے سی ای اوز، ڈی ڈی ایچ اوز صحت و تعلیم نے آن لائن شرکت کی۔

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتیں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کےلئے باقاعدہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاو کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے-پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جہاں خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کےلئے باقاعدہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سروائیکل کینسر کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا تھا-مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے ابھی اور کام کرنے کی ضرورت ہے-سروائیکل کینسر کے خاتمے کے لئے صوبہ بھر میں بچیوں کی ویکسینیشن مہم مطلوبہ رفتار سے نہیں چل رہی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ یقین رکھیں کہ یہ ویکسین موثر اور تصدیق شدہ ہے اور 147 ممالک میں استعمال ہو رہی ہے- بدقسمتی سے ایک مخصوص سیاسی جماعت کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے اس مہم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا گیاہے۔

جنہوں نے منفی ویڈیو بنائیں وہ نہ تو ڈاکٹر تھے اور نہ ہی میڈیکل ایکسپرٹس تھے-محکمہ کے ایکشن لینے کے بعد انہی عناصر نے معافی کی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کیں۔ اس مہم کو مستقل ای پی آئی کا حصہ بنایا جا رہا ہے، عمر کی حد ابھی 9 سے 15 سال ہے، آئندہ کے لئے اس مہم کے لئے ایج بریکٹ صرف 9 سال ہو گی۔ والدین اس مہم سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی بچیوں کو یہ ویکسین لگوائیں۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ والدین کو مطمئن کریں، انہیں بتائیں کہ یہ ویکسین ان کی بچی کے محفوظ مستقبل کے لئے کتنی ضروری ہے۔ ہم سب نے بھی اپنی بہنوں بیٹیوں کو یہ ویکسین لگوائی ہے-انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے علاوہ پرائیویٹ سکولز اور مدرسہ کو بھی اس مہم میں شامل کیا گیا ہے-پرائیویٹ سیکٹر کا رسپانس سرکاری سکولوں سے بہتر ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے سی ای اوز تعلیم کو محکمہ صحت کی ٹیموں سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی ہے۔ رانا سکندر حیات نے آئندہ جمعہ کو صوبے تمام سکولز میں ایچ پی وی ویکسینیشن ڈے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور والدیں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے اساتذہ اکرام اور ڈی ڈی ای اوز کی ڈیوٹی لگا دی گئی۔ مطلوبہ نتائج کے حصول تک فالو اپ میٹنگز ہوتی رہیں گی، آپ کو 7 دن کی مہلت دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں 8 ملین بچیوں کو ویکسینیٹ کرنے کا ہدف کو ہر صورت پورا کرنے کا عزم ہے-سی ای اوز اور ڈی ای اوز، ایچ پی وی ویکسینیشن کی حمایت میں بینرز اور سٹینڈیز اپنے دفتر کے باہر لگائیں- تمام سی ای اوز اور ڈی ای اوز تعلیم پانچ پانچ سکول وزٹ کریں گے۔ رانا سکندر حیات نے سیکرٹری سکولز کو ایچ پی وی ویکسینیشن کی کامیابی کے لئے کاوشوں کو محکمہ سکولز کے پی آئیز میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایچ پی وی ویکسین کی کوریج 23 فیصد سے 70 فیصد تک لے جانے کا عزم کیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں سکولوں میں جا کر بچیوں کو ویکسین دیں گی۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مقامی ہیلتھ سینٹرز پر بھی ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ مریم نواز شریف کا حکم ہے کہ صوبے کی کوئی بھی بیٹی اینٹی سروائیکل کینسر ویکسین سے محروم نہیں رہنی چائیے۔ مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے اس مہم میں محکمہ ایجوکیشن سکولز کی معاونت انتہائی ضروری ہے۔ آج کی بیٹی کل کی ماں ہے، آئندہ نسل کی بہتری کے لئے اس کا صحتمند ہونا ضروری ہے۔