ریونیو ریکارڈ انتہائی حساس نوعیت کا حامل ہے، جس میں شفافیت اور بروقت اندراج عوامی مفاد کا تقاضا ہے، کمشنر لورالائی

بدھ 24 ستمبر 2025 20:45

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء) کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی صدارت میں محکمہ ریونیو کے افسران و اسٹاف کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریونیو سے متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر، ڈپٹی کمشنر میران خان بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم، تحصیلدار ثناء اللہ لونی، قانون گو اور تمام سرکلز کے پٹواریوں نے شرکت کی۔

کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو ریکارڈ انتہائی حساس نوعیت کا حامل ہے، جس میں شفافیت اور بروقت اندراج عوامی مفاد کا تقاضا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹیٹ لینڈ، کامن، شاملات، عشر، و دیگر تمام محصولات کا ریکارڈ علیحدہ اور منظم رکھا جائے اور ان کی بروقت وصولی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کرنے اور تازہ تجاوزات کی ہرگز اجازت نہ دینے کی سختی سے تاکید کی۔

کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری رہائش میں مقیم ملازمین سے ہاؤس رینٹ کی کٹوتی کو یقینی بنایا جائے۔سرکل پٹواریوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ، کورٹ فنکشن، وقف املاک، فرد اجرا، رجسٹریشن، کرایہ جات، قطعات اراضی، خسرہ نمبرز، لیز شدہ زمین اور شجرہ نسب سمیت تمام اہم دستاویزات کو مکمل دیانتداری، دلچسپی اور احتیاط کے ساتھ مرتب و محفوظ کیا جائیاجلاس کے دوران کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ریونیو ریکارڈ کا باقاعدہ معائنہ کریں اور اس کی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد ارسال کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود جلد تمام پٹوارخانوں کا دورہ کریں گے اور ہر ماہ یا دو ماہ بعد باقاعدگی سے اس حوالے سے اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ ریونیو معاملات میں بہتری اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :