کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کا گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سبی کا دورہ

بدھ 24 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سبی کا دورہ کیا، جہاں انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر پرنسپل کالج عبدالرزاق ابڑو، تدریسی عملہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد طلباء و طالبات نے بدعنوانی کے موضوع پر تقاریر پیش کیں۔

کمشنر سبی ڈویژن نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ کی تقاریر میں جو نکات سامنے آئے وہ محض الفاظ تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان پر عملی اقدامات بھی کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا آغاز اپنی ذات سے کیا جائے تو معاشرے میں حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔ کمشنر سبی نے مزید کہا کہ آج کی نوجوان نسل ماضی کے مقابلے میں زیادہ باشعور ہے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بی ایس پروگرام کا پہلا سیشن مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ڈی ایم سیز تقسیم کیں، پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دیے اور مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ و ججز کو بھی حوصلہ افزائی کے انعامات پیش کیے۔ بعدازاں کمشنر سبی نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جبکہ کالج کے دورے کے بعد انہوں نے صحبت سرائے اور بخاری پارک کا بھی معائنہ کیا۔