عالمی برادری بڑھتی ہوئی یکطرفہ سوچ اور دھونس کو مسترد کرے،چین

جمعرات 25 ستمبر 2025 10:40

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) چین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری خصوصاً عالمی جنوب (Global South) کو انصاف آواز مضبوطی سے بلند کرنی چاہیے اور یکطرفہ سوچ اور تحفظ پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف مل کر دھونس اور بالادستی کی مخالفت کرنی چاہیے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چینی وزیراعظم لی چیانگ نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے دنیا بھر کی اقوام کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس وقت بعض یکطرفہ سوچ اور تحفظ پسندی پر مبنی رویے عالمی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے کے نفاذ میں سنگین رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو عالمی ترقیاتی تعاون کو مضبوط بنانے ،آزاد تجارت اور اقتصادی عالمی کاری کا دفاع کرنے اور مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے مل کر زیادہ ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں ۔