توانائی منصوبوں کے علاوہ کسی بڑے پیمانے کی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئی‘ پیاف

جمعرات 25 ستمبر 2025 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں ایف ڈی آئی 2 سے 3 ارب ڈالر سالانہ کے درمیان رہی ہے جس کا اوسطاً35 فیصد توانائی کے شعبے میں رہا، توانائی کے منصوبوں کے علاوہ کسی بڑے پیمانے کی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئی، اب وقت آگیا ہے کہ دائرہ بدلا جائے اور مختلف ذرائع سے مختلف شعبوںسرمایہ کاری کو راغب کیا جائے ۔

(جاری ہے)

مشترکہ بیان میں پیاف کے عہدیداروں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے قابل عمل منصوبے درکار ہیں ،اس کے لیے حقیقی معاشی مواقع ضروری ہیں،یہ سب اصلاحات اور ڈی ریگولیشن کا تقاضہ کرتے ہیں جن کے آثار کہیں نظر نہیں آ رہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کان کنی کے شعبے میں خاصی دلچسپی رکھتا ہے ،امریکی کمپنیاں دلچسپی لے رہی ہیں،اس لئے انہیںراغب کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کان کنی، توانائی اور دیگر شعبوں میں صلاحیت موجود ہے،جغرافیائی سیاسی فائدے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیںلیکن اصل چیلنج یہ ہے کہ اس صلاحیت کو حقیقی سرمایہ کاری کے بہا ئومیں بدلا جائے ۔