پاکستانی اسکالر کو بیجنگ میں ’’آٹ اسٹینڈنگ بی آر آئی ریسرچر 2025‘‘قرار دیدیا گیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 14:34

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)بیجنگ میں واقع چین کی کمیونیکیشن یونیورسٹی(سی یو سی)نے ممتاز پاکستانی محقق خالد تیمور اکرم کو آٹ اسٹینڈنگ انفرادی شراکت ایوارڈ 2025 سے نواز دیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابقیہ ایوارڈ انہیں انٹرنیشنل اکیڈمک نیٹ ورک فار اے کمیونٹی وِد اے شیئرڈ فیوچر کے سالانہ اجلاس کے دوران دیا گیا۔

جس میں خالد تیمور اکرم کی عالمی تحقیق اور علمی تبادلوں میں خدمات کو سراہا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے اسکالرز مسلسل پانچویں سال (2021 تا 2025) یہ اعزاز حاصل کر رہے ہیں، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (آر آئی)اور مشترکہ مستقبل کے وژن کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق یہ اعزاز بین الاقوامی علمی مکالمے میں پاکستان کے مستقل کردار کو اجاگر کرتا ہے، خصوصا ان 23 ممالک میں جہاں "انسٹیٹیوٹ فار اے کمیونٹی وِد اے شیئرڈ فیوچر(ICSF) سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب کی صدارت کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کے ادارہ برائے مشترکہ مستقبل (ICSF) کے ڈین پروفیسر لی ہوائی لیانگ نے کی۔انہوں نے بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے پلیٹ فارم تعمیر کرنے میں پاکستانی کردار کی تعریف کی۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق یہ مسلسل اعزازات نہ صرف خالد تیمور اکرم کی انفرادی قابلیت کا اعتراف ہیں، بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر علمی و تحقیقی تعاون، تحقیق میں معیار، اور پالیسی مکالمے کو فروغ دینے میں نمایاں طور پر سرگرم ہے، جو کہ بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے تصور کا اہم حصہ ہے۔