لاہورہائیکورٹ ، منشیات کے مقدمہ میں ٹرائل کورٹ کی سزا کالعدم قرار دینے کی اپیل مسترد

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منشیات کے مقدمہ میں ٹرائل کورٹ کی سزا کالعدم قرار دینے کی اپیل مسترد کردی، عدالت نے اپیل کنندہ نور محمد شاہ کی اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا مجرم کو عمر قید کا فیصلہ برقرار رکھا،عدالت نے قرار دیا کہ ملزم سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونا ثابت ہوا ہے،اس لیے وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں،جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے سزا کے خلاف اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ فرانزک رپورٹ سمیت تمام شواہد ملزم کے قصور وار ہونے کی تصدیق کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے گواہوں کے بیانات اور ریکارڈ کی بنیاد پر میرٹ پر فیصلہ دیا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ منشیات فروش معاشرے اور نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں،وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں،عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد اپیل کنندہ مجرم کی اپیل خارج کر دی اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی عمر قید کی سزا برقرار رکھی۔