Live Updates

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی زیر نگرانی جلالپور پیر والہ میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور نقصانات کے سروے کا آغاز

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلابی صورتحال کے بعد جلالپور پیر والہ میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو مسلسل متاثرہ علاقوں میں موجود رہتے ہوئے فلڈ بندوں، موٹر وے اور دیگر متاثرہ مقامات کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ بحالی کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے نور راجہ فلڈ بند سمیت مختلف مقامات پر جاری مرمتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور محکمہ انہار و نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام سے بریفنگ بھی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی سطح بتدریج کم ہورہی ہے جس کے بعد فلڈ بندوں پر مرمتی اور حفاظتی اقدامات میں مزید تیزی لائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی فوری امداد کے لیے قائم کیے گئے فلڈ ریلیف کیمپس پانی کے مکمل اترنے تک فعال رہیں گے، جہاں متاثرہ خاندانوں کو خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وسیم حامد سندھو نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جلالپور پیر والہ سٹی اور صدر کے علاقوں میں نقصانات کا جامع سروے بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کے نقصانات کا درست تخمینہ لگا کر ان کی مالی و سماجی بحالی کو ممکن بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سروے کے عمل کو شفاف اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ یہ اقدامات انتظامیہ کی بروقت حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد نہ صرف متاثرہ ڈھانچے کی بحالی ہے بلکہ شہریوں کو اعتماد دینا اور ان کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لانا بھی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات