Live Updates

لاہور،چائنیز وفد کی پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس آمد،سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں بارے تبادلہ خیال کیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) چائنیز وفد نے پی ڈی ایم اے پنجاب ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید و دیگر افسران نے ان کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پرپی ڈی ایم اے حکام نے وفد کوسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا۔وفد کو پنجاب میں جاری ریلیف اور ریسکیو آپریشنز بارے تفصیلات پیش کی گئیں اور پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں جدید مانیٹرنگ سسٹم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے وفدکے ارکان کوسیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ یہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا جس سے دریائے راوی ،ستلج اور چناب میں شدید سیلاب سے47 سو موضع جات اور مجموعی طور پر47 لاکھ60 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 26 لاکھ 30 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اورسیلاب سے متاثرہ اضلاع میں271 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔

ڈی جی نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع میں300 میڈیکل کیمپس جبکہ مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے283 ویٹرنری کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں شہریوں کے تحفظ کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،متاثرہ اضلاع میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں 19 لاکھ سے زائد جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب میں مختلف حادثات میں 134 شہری جاں بحق ہوئے۔اس موقع پرچائنیز وفد نے سیلاب متاثرین کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا جبکہ ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور شراکت داری پر بھی گفتگو ہوئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات