چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کی زیر صدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 171واں اجلاس

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کی زیر صدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 171واں اجلاس منعقد کیا گیا، مالی سال 2025-2026کے لئے 30 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مالی سال 2025-2026میں مختلف ترقیاتی کاموں پر18ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

جن میں قائداعظم بزنس پارک کے لئے 8ارب روپے، بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے 1.2ارب روپے، رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے 2.2ارب روپے، ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو ایکسٹینشن کے لئے 4.5ارب روپے ، ڈرینج سسٹمز کی تعمیر کے لئے 1 ارب روپے اور وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے 1ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ بورڈ نے بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے ماسٹر پلان میں ترمیم کرنے، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بس اسٹینڈ اور ورکشاپ کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ صنعتی زونز کی آبادکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صوبے کی صنعتی و معاشی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کیا جا سکے۔ اجلاس میں سیکریٹری انڈسٹریز عمر مسعود، شہزاد اعظم خان، ساجد سلیم منہاس، محمد احمد خان، سی ای او پیڈمک کپٹن شعیب علی، سی او او علی معظم سمیت محکمہ خزانہ، پیبٹ، ٹیوٹا سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔