الحمراء فلم کلب میں آسکر ایوارڈ یافتہ ایرانی فلم ’’سیلز مین‘‘ کی نمائش

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)لاہور آرٹس کونسل (الحمرائ) کے فلم کلب میں ایرانی فلم سیلز مین پیش کی گئی جس نے ناظرین کو عالمی معیار کے سینما سے روشناس کرایا۔ نامور ایرانی ہدایتکار اصغر فرہادی کی یہ شاہکار فلم بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے لئے آسکر ایوارڈ جیت چکی ہے اور اپنی کہانی اور فنکارانہ معیار کے باعث دنیا بھر میں سراہا جاتی ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین الحمراء، رضی احمد نے کہا کہ الحمراء اور سینما کا رشتہ تخلیق، تحقیق اور تحریک کا حسین امتزاج ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء، محبوب عالم نے کہاکہ الحمراء فلم کلب نوجوانوں کو عالمی سینما سے جوڑ رہا ہے اور فلم بینی کو تفریح سے بڑھا کر فکری مکالمے میں بدل رہا ہے۔فلم کی کہانی منگیتر جوڑے عماد اور رانا کے گرد گھومتی ہے جن کی زندگی اس وقت بدل جاتی ہے جب ان کا گھر منہدم ہو جاتا ہے اور وہ ایک نئے مکان میں منتقل ہونے پر مجبور ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے گھر میں پیش آنے والا ایک افسوسناک واقعہ ان کی زندگی کو شدید متاثر کرتا ہے۔ عماد حملہ آور کو تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے جبکہ رانا اپنے صدمے سے نمٹنے کی جدوجہد کرتی ہے، اور یوں عزت، برداشت اور انسانی وقار کے موضوعات بڑی فنکاری سے اجاگر ہوتے ہیں۔الحمراء میں فلم دیکھنے والے ناظرین نے کہا کہ عالمی سینما کو اس پلیٹ فارم پر دیکھنا ایک یادگار تجربہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی سینما اپنی اعلیٰ فنی معیار اور گہرے انسانی مسائل پر مبنی کہانیوں کے باعث دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے، اور سیلز مین اس کی بہترین مثال ہے۔