ایچ ای سی نے انڈرگریجویٹ ڈگریوں کے لئے لازمی پیشہ وارانہ سرٹیفیکیشنز اور انٹرن شپ کا اعلان کر دیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ایک اہم تعلیمی اصلاحاتی اقدام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پاکستان بھر کی تمام سرکاری و نجی جامعات اور ڈگری جاری کرنے والے اداروں میں انڈرگریجویٹ طلباء کے لئے پیشہ وارانہ انٹرن شپ اور صنعت سے متعلقہ سرٹیفیکیشنز کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔یہ اقدام انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد طلباء کو محض علمی تعلیم ہی نہیں بلکہ روزگار کے قابل عملی مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ ملکی و عالمی منڈی میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

ایچ ای سی سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اب تمام انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز میں کم از کم تین کریڈٹ گھنٹوں پر مشتمل انٹرن شپ مکمل کرنا لازمی ہوگا۔

(جاری ہے)

جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کارپوریٹ اداروں، ایس ایم ایز (چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار) اور سرکاری تنظیموں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں تاکہ طلباء کو عملی میدان سے متعلق بامعنی تجربہ حاصل ہو۔

ساتھ ہی ایچ ای سی نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نصاب میں صنعت سے متعلقہ، قومی و بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفیکیشنزکو بھی شامل کریں۔ ان سرٹیفیکیشنز کے ذریعے طلباء کو ان کے متعلقہ شعبوں میں جدید اور مارکیٹ کی طلب کے مطابق مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔ترجیحی سرٹیفیکیشنز کے شعبوں میں کمپیوٹنگ اور آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، کنسٹرکشن، ہائی ٹیک اور ڈیجیٹل اکانومی، اور فنانشل سروسزشامل ہیں۔

اس حوالے سے وزارتِ سمندر پار پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی جانب سے تیار کردہ اعلیٰ طلب کی مہارتوں کی فہرست ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔پالیسی میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفیکیشنزکو بعض صورتوں میں کریڈٹ کورسز کے متبادل کے طور پر تسلیم کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ وہ کورس کے سیکھنے کے مقاصد سے مطابقت رکھتی ہوں، خاص طور پر کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی پروگرامز میں تین کریڈٹ کے مساوی بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز کو اختیاری کورسز کی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایچ ای سی کے اس فیصلے کو ماہرین تعلیم اور صنعت دونوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں تعلیم اور مارکیٹ کے درمیان پُل کا کردار ادا کرے گا اور ایک ایسی ہنرمند نسل تیار کرے گا جو نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کرے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مؤثر طریقے سے اپنا کردار ادا کر سکے۔مزید معلومات کے لئے طلباء اور ادارے ایچ ای سی کی آفیشل ویب سائٹ http://www.hec.gov.pk/site/scd پر رجوع کر سکتے ہیں۔