سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ نسیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے اعزاز میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کیجانب سےالوداعی تقریب کا اہتمام
جمعرات 25 ستمبر 2025
20:57
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ نسیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے اعزاز میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس خواجہ محمد نسیم پراللہ تعالی کا خصوصی کرم ہے کہ انہیں اللہ تعالی نے عقل و دانائی عطا کر رکھی ہے، موصوف نے ہمیشہ انتہائی تدبر، بردباری، عاجزی اور تحمل مزاجی کے ساتھ معاملات حل کئے اورعدلیہ کی عزت و وقار میں اضافہ کرنے کیلئے میری معاونت کی جس پر میں ان کا انتہائی مشکور ہوں، موصوف کے ساتھ گزرے ساڑھے چار سال میرے میری زندگی کے بہترین سال ہیں مجھے ان کے ساتھ کام کرنے پر بڑا فخر ہے، موصوف سروس مکمل کر کے جا رہے ہیں لیکن ہمارے دلوں میں موجود رہیں گے آئندہ بھی بوقت ضرورت ان سے معاونت لیتے رہیں گے، اللہ تعالی سے ان کی باقی مانندہ زندگی کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں، انہوں نے کہا کہ جسٹس خواجہ محمد نسیم کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر میں اپنی اور جسٹس رضا علی خان کی جانب سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عزت و تکریم کے ساتھ موصوف کو الوداع کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وکلاء کا کلیدی کردار ہے جو انصاف کی فراہمی کیلئے ججز کی معاونت کرتے ہیں، گولڈن جوبلی کے موقع پر حالیہ تاریخی جوڈیشل کانفرنس کی کامیابی میں وکلاء کا انتہائی اہم کردار رہا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ریاست کے تمام اداروں پر لازم ہے عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، سبکدوش ہونے والے سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم نے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، عہدیداران و ممبران کا اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آزاد کشمیر کی سب سے بڑی بار میں بطور وکیل کام کیا اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ اللہ تعالی نے مجھے بطور جج سپریم کورٹ کام کرنے کا موقع دیا جس پر اللہ تعالی کا انتہائی ممنون ہوں، چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر کی سربراہی اور جسٹس رضا علی خان کے ساتھ ساڑھے چار سال کے عرصے کو اپنی زندگی کا یادگار اور مثالی دورانیہ سمجھتا ہوں، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وکلاء انتہائی ذہین اور محنتی ہیں جو تیاری کے ساتھ اپنے موکل کا بھرپور طریقے سے دفاع کرتے ہیں، میری خوش قسمتی ہے کہ آج آزادکشمیر کی وکلاء کمیونٹی محبت اور خلوص سے مجھے الوداع کر رہے ہیں آپ کا یہی پیار، محبت اور خلوص میری زندگی کا اثاثہ ہے، 5 مرتبہ قائمقام چیف جسٹس سپریم کورٹ کام کرنے کو اپنے لئے باعث افتخار سمجھتا ہوں یہ سب چیف جسٹس صاحب کے اعتماد کی بدولت ممکن ہوا، بطور جج ضمیر کے مطابق، بدوں تاخیر اور بغیر کسی دباؤ میں آئے میرٹ پر فیصلے کئے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران، ممبران و دیگر شرکاء تقریب کا عزت افزائی کیلئے انتہائی مشکور ہوں، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن جاوید نجم الثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم کی بہترین خدمات جن میں عام انسان کو انصاف کی فراہمی، عدلیہ پر عوام کے اعتماد کی بحالی اور عدلیہ کی ساکھ کو نئی جہتوں تک لے جانا شامل ہے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہاں موجود ہیں، موصوف کے فیصلے عدل انصاف کے سنہری اصولوں کو ترجیح اول رکھنے کے عکاس ہیں جن میں جنگلات کے تحفظ کے متعلق فیصلہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عدلیہ محض ایک ادارہ نہیں بلکہ عوام کی امنگوں کا مرکز اور ان کے حقوق کی ضامن ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے جسٹس خواجہ محمد نسیم کو کامیاب سروس کی تکمیل پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور ان کی باقی مانندہ زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ تقریب میں جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، پراسیکیوٹر احتساب بیورو، ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ، وائس چئیرمین بار کونسل عقاب ہاشمی، صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن سید انیس الحسن گیلانی، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید مہر علی شاہ بخاری نے سر انجام دئے اور سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم کی بہترین خدمات کا احاطہ کیا۔ اس موقع پر سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے قرآنی آیت کا تحفہ اور دیگر تحائف پیش کئے گئے۔ آخر میں سینئر قانون دان سپریم کورٹ عبدالرشید عباسی نے ملکی سلامتی واستحکام، کشمیر و فلسطین کی آزادی اور سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم کی باقی زندگی کیلئے کامیابی کیلئے دعا کی۔