Live Updates

حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا، فاٹا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہی

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا، فاٹا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 108 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی، کراچی بلوز نے 96 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، فیصل آباد نے 87 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور ملتان نے 86 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

انہی چار ٹیموں نے قائد اعظم ٹرافی کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق پانچویں راؤنڈ کے آخری دن کھیلے گئے میچز میں ملتان نے لاڑکانہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 20 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ ملتان کے کپتان زین عباس نے پہلی اننگز میں 160 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ محمد اسماعیل نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

کراچی وائٹس نے آزاد جموں و کشمیر کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ کراچی وائٹس نے 46 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ لاہور بلوز نے کوئٹہ کو یکطرفہ مقابلے میں 188 رنز سے مات دی۔ کوئٹہ کی ٹیم 281 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قاسم اکرم نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر میچ میں 10 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ لاہور کی دوسری اننگز میں عمران بٹ 112 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حیدرآباد اور فیصل آباد کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات