؁سٹی پولیس کارروائی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے بدنامِ زمانہ ملزم نظام قوم ڈاہانی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،ڈی ایس پی

جمعہ 26 ستمبر 2025 04:50

%اوستہ محمد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2025ء) ڈی ایس پی سرکل اوستا محمد محمد داد کھوسہ نے ایس ایچ او سٹی عبد الروف جمالی اور ایس ایچ او گنداخہ ظہیر احمد جمالی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سٹی پولیس تھانے کی حدود میں ایک اہم پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او عبدالرف جمالی، حاجی خان لاشاری اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سندھ سے تعلق رکھنے والے بدنامِ زمانہ ملزم نظام قوم ڈاہانی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ملزم کے خلاف سندھ بھر میں ڈکیتی، راہزنی اور پولیس یونیفارم میں وارداتوں سمیت 15 سنگین مقدمات درج ہیں پولیس نے اس کے قبضے سے کلاشنکوف اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے ایک اور کامیاب کارروائی گنداخہ پولیس کی جانب سے عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او ظہیر عباس جمالی کی سربراہی میں ہونے والے پولیس مقابلے میں ملزم صدیق پندرانی زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جب کہ اس کے دو ساتھی شہزور اور عمران بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پسٹل اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے ملزمان نے قتل اور چوری کے مقدمات میں بھی اہم پیش رفت کی ہے۔

تھانہ سٹی اور تھانہ گنداخہ کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران ملزمان شعبان اور گل حسن کو گرفتار کر لیا گیا، جو کئی عرصے سے قانون کی گرفت سے باہر تھے۔اسی طرح چوری کے مختلف مقدمات میں ایس ایچ او سٹی اوستا محمد کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے رحیم بخش عرف پپو کھوسہ اور احسان لہر کو بھی حراست میں لیا دونوں ملزمان کے خلاف پہلے سے درج مقدمات کی تفتیش جاری ہے۔ڈی ایس پی محمد داد کھوسہ نے کہا کہ اوستہ محمد کو پرامن اور جرائم سے پاک ضلع بنانے کے لیے پولیس پوری طرح سرگرم ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے لیے یہاں کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں