ہیٹی میں سیاسی جمود جرائم پیشہ گروہوں کے لے فائدہ مند، صدر فرینک لارںٹ

یو این جمعہ 26 ستمبر 2025 05:15

ہیٹی میں سیاسی جمود جرائم پیشہ گروہوں کے لے فائدہ مند، صدر فرینک لارںٹ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 26 ستمبر 2025ء) ہیٹی کے عبوری صدر اینٹنی فرینک لارنٹ نے اقوام متحدہ کی 80ویں جنرل اسمبلی کے عام مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ان کے ملک کی ٹھوس مدد کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ متواتر ہچکچاہٹ، لامتناہی بات چیت، معطل مذاکرات اور جغرافیائی سیاسی جمود سے جرائم پیشہ عناصر فائدہ اٹھا رہے ہیں جو کہ ہیٹی کے لوگوں کے لیے مایوس کن صورت حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سے صرف چار گھنٹے کی پرواز کے فاصلے پر ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ یہ المیہ خطے کے بدترین سانحات میں سے ایک ہے۔ روزانہ بے گناہ زندگیاں گولیوں، آگ اور خوف کے ذریعے ختم کی جا رہی ہیں۔ پورے کے پورے علاقے تشدد کی نذر ہو چکے ہیں اور 10 لاکھ سے زیادہ لوگ اندرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

غذائی عدم تحفظ

صدر لارنٹ نے بتایا کہ ملک کی تقریباً نصف آبادی شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہے جبکہ صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

ہسپتالوں پر حملے ہو رہے ہیں، ڈاکٹر ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں اور لاکھوں زندگیاں صرف علاج نہ ملنے کی وجہ سے ضائع ہو رہی ہیں۔

انہوں نے پرعزم انداز میں کہا کہ ہیٹی امن چاہتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف ان کے ملک کی جنگ میں فوری، مربوط اور مؤثر اقدامات کرے جبکہ یہ گروہ تشدد کو سماجی نظام کے طور پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

صدر نے خبردار کیا کہ آج عالمی برادری کو ہیٹی کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اور ملک میں امن کی بحالی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ اس قدر شدید بحران سے نمٹنے کے لیے ادھوری کوششیں ناکافی ہیں۔