بھارت کو طلبا احتجاج کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی اقتدار سے بے دخلی پسند نہیں آئی، پروفیسر محمد یونس

جمعہ 26 ستمبر 2025 10:50

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی وجہ گزشتہ سال طلبا احتجاج کے بعد بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی اقتدار سے بے دخلی ہے ۔

(جاری ہے)

اردو نیوز کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو میں محمد یونس نے کہا کہ ہمیں بھارت کے ساتھ اس وقت مسائل کا سامنا ہے کیونکہ بھارتی حکمرانوں کو وہ پسند نہیں آیا جوبنگلہ دیشی طلبہ نے کیا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کا الزام بھی عائد کیا، جو ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ چیف ایڈوائزر نے کہا کہ بھارت سے بہت سی جعلی خبریں آ رہی ہیں، پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ یہ کوئی اسلام پسند تحریک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت شیخ حسینہ کی میزبانی کر رہا ہے، جنہوں نے مسائل پیدا کیے، اور یہی کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔