راولپنڈی،کرپشن و ناقص تفتیش میں ملوث خاتون سمیت ایف آئی اے کے 5افسران کو سزائیں

جمعہ 26 ستمبر 2025 12:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)ایف آئی اے میں کرپشن اور ناقص تفتیش میں ملوث 5افسران کو محکمانہ سزائیں سنا دی گئیں، 4افسران کو نوکریوں سے برطرف ،جبکہ خاتون آفیسر کے عہدے کی تنزلی کرکے انسپکٹر سے سب انسپکٹر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا کی زیر صدارت اردلی روم کا انعقاد کیا گیا جس میں اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

محکمانہ کارروائی کے تحت پانچ افسران کو سزا سنا دی گئی، دو انسپکٹر اور دو سب انسپکٹر کرپشن اور ناقص تفتیش پر نوکری سے برخاست کیے گئے ،جبکہ خاتون انسپکٹر کو ناقص تفتیش پر سب انسپکٹر کے عہدے پر تنزلی کی سزا دی گئی۔سزا پانے والے اہلکار اسلام آباد، کراچی اور لاہور زون میں تعینات تھے۔ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا نے کہا کہ ایف آئی اے میں کرپشن، غفلت اور ناقص تفتیش کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، ادارے کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کیلئے سخت احتسابی عمل جاری ہے۔ڈی جی نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، احتسابی عمل سے ہی انسانی سمگلنگ اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا۔