سپریم کورٹ نے والد اور بچوں کے گھریلو جھگڑے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 12:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) سپریم کورٹ نے والد، بیٹے اور بیٹی کے گھریلو جھگڑے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ۔سپریم کورٹ میں والد، بیٹے اور بیٹی کے گھریلو جھگڑے سے متعلق کیس کی سماعت جمعہ کو جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران بچوں کے وکیل نے بتایا کہ والد نے دوسری شادی کی ہے اور اب انہیں گھر سے نکالنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ دوسری شادی کرنا کوئی گناہ تو نہیں ،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ مکان والد کے نام پر ہے، وہ چاہیں تو اسے کسی اور کو خیرات میں بھی دے سکتے ہیں، بہتر ہے بچے والد سے صلح کرلیں۔ عدالت میں والد ڈاکٹر آصف نے مؤقف اپنایا کہ بیٹی نے ان پر تشدد کیا اور ان کے منہ پر تھوکا۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا لگتا ہے بچوں نے والد کو سخت ناراض کیا ہے جبکہ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس گھریلو تشدد کا ہو سکتا ہے مگر مکان پر غیر قانونی قبضے کا نہیں۔ عدالت نے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔