پنجاب بھر میں وائلڈ لائف کی کارروائیاں، غیرقانونی شکار پر بھاری جرمانے

جمعہ 26 ستمبر 2025 13:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی شکار کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں،مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران بٹیر سمیت دیگر جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار میں ملوث 9ملزمان کو چالان جبکہ متعدد کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر بٹیر کے 15نیٹنگ گیئرز بھی ضبط کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن راجہ احسان کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز اوکاڑہ نے بٹیر کے دو غیرقانونی شکاریوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائیں۔اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شاہزیب خورشید نے تیتر کا کتوں اور گن کے ساتھ غیرقانونی شکار پر تین شکاریوں کو مجموعی طور پر 70 ہزار روپے جرمانہ کیا۔

(جاری ہے)

چنیوٹ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اویس کسانہ نے کارروائی کے دوران بٹیر کے چار نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے تین چالان کیے اور 55ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

اسی طرح جھنگ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبداللہ بلال نے دو نیٹنگ گیئرز ضبط کیے، دو چالان کیے اور ایک کیس میں 30ہزار روپے جرمانہ کیا۔ملتان ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈاکٹر سجاد حسین کی سربراہی میں ٹیم نے بٹیر کے 13نیٹنگ گیئرز ضبط کیے، تین ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کی اور ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی۔