کمشنر ڈیرہ غازی خان کا علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:12

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے کے حوالے سے دریافت کیا۔ مریضوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات اور فراہم کی جانے والی ادویات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمشنر کے ہمراہ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شاہد مگسی سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا سکیں۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بلا تفریق مفت ادویات اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ڈاکٹرز و دیگر عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بعد ازاں کمشنر نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور زیر تعمیر عمارات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام بروقت ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔