لیہہ: بھارتی پولیس نے سونم وانگچک کو گرفتار کر لیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 23:18

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ میں بھارتی پولیس نے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر لہیہ میں اپنی بھوک ہڑتال کے دوران اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور لوگوں کو مظاہروں پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وانگچک نے ریاستی درجے کی بحالی اور چھٹے شیڈول کے نفاذ سمیت مختلف سیاسی حقوق پر زور دینے کیلئے 10ستمبر سے 35روز بھوک ہڑتال کر رکھی تھی تاہم انہوں نے بدھ کے روز پر تشدد مظاہروں اور بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی تھی۔

وانگچک کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے لیے مقامی تھانے منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ نے سونم وانگچک کی غیر سرکاری تنظیم، اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل اینڈ کلچرل موومنٹ آف لداخ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ یاد رہے کہ پولیس نے مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں پچاس سے زائد افرادگرفتار کر لیے ہیں۔