مینا خان آفریدی کی سوئٹزرلینڈسفیر سے ملاقات، اعلیٰ تعلیم کی مد میں حوصلہ افزائی پیش رفت

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز مینا خان آفریدی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹائنر سے ملاقات کی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے موقع پر مینا خان آفریدی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مردم شماری 2023 کے مطابق خیبرپختونخواکی آبادی تقریباً 4 کروڑ 6 لاکھ ہے، جن میں سے 65 فیصد نوجوان 15 سے 30 برس کی عمر کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان اکثریت صوبے کے لیے ایک تاریخی موقع ہے جسے درست سمت میں لے جا کر ترقی، خوشحالی، اور امن کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تعاون کے کئی شعبوں کی نشاندہی کی، جن میں مشترکہ ڈگری پروگرام، مشترکہ نگرانوں کے تحت پی ایچ ڈی ریسرچ، اور نصاب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہیں۔

انہوں نے طلبہ و اساتذہ کے لئے ایکسچینج پروگرام، یونیورسٹی انتظامیہ کی تربیت، اور خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیے سوئٹزرلینڈ کی جامعات و صنعتوں میں انٹرن شپ مواقع کے بندوبست پر بھی زور دیا۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کئی شعبوں میں مشترکہ تحقیق کی اہمیت پہ بھی زور دیا جن میں موسمیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، صحت، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی قابل ذکر ہیں۔

اس کے علاوہ آن لائن کورسز، قلیل مدتی ڈپلومہ، سمر اسکولز، اور سوئس یونیورسٹی گورننس ماڈلسے استفادہ کر کے خیبر پختونخواہ کی جامعات میں پائیدار مالیاتی و انتظامی اصلاحات کو بھی لازمی قرار دیا۔ملاقات کے دوران سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹائنر نے خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کی نوجوان اکثریت ایک قیمتی اثاثہ ہے جسے تعلیم اور تحقیق کے ذریعے بہتر مستقبل کی جانب لے جایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینے میں شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے اور خیبرپختونخواہ کی جامعات کے ساتھ تعاون اس وژن کا حصہ ہو سکتا ہے۔ سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ سوئٹزرلینڈ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔