سی پیک کی 14ویں جے سی سی بیجنگ میں اختتام پذیر، نئے عزم اور مشترکہ وڑن کے ساتھ مستقبل کا روڈ میپ طے

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:07

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2025ء)چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 14ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) کا اجلاس بیجنگ میں مکمل ہوگیا جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یہ اجلاس نہ صرف ماضی کی پیش رفت کا جائزہ تھا بلکہ مستقبل کے لیے مشترکہ عزم اور روڈ میپ کی ازسرنو توثیق بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک فیز ٹو پانچ راہداریوں پر مشتمل ہی: ترقی، جدت، سبز ترقی، روزگار اور علاقائی روابط۔ ان اہداف کو پاکستان کے اٴْڑان پروگرام کے پانچ ایز (ایکسپورٹس، ایطپاکستان، توانائی و ماحولیات، مساوات و بااختیاری) سے ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ سی پیک کو صنعت کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کا مرکز بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے اور قراقرم ہائی وے کی ری الائنمنٹ جیسے منصوبوں پر فوری عملدرآمد ناگزیر ہے، کیونکہ یہ خطے کے لیے بڑے معاشی فوائد کے ضامن ہوں گے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پہلے تین برسوں میں ہر چھ ماہ بعد جے سی سی اور ہر سہ ماہی میں جوائنٹ ورکنگ گروپس کا اجلاس کیا جائے تاکہ رفتار اور ہم آہنگی برقرار رہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ جیو پولیٹیکل حالات اور مخالف پروپیگنڈے کے باوجود پاکستان سی پیک کے تمام منصوبوں کو کامیابی سے آگے بڑھائے گا اور پاکستان میں موجود تمام چینی شہریوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اگلے 90 دنوں میں سی پیک کا نیا طویل المدتی منصوبہ جاری کیا جائے گا، جو پاکستان کے پانچ ایز اور سی پیک کی پانچ راہداریوں کے امتزاج پر مبنی ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ سی پیک کی 15ویں جے سی سی مئی 2026 میں اسلام آباد میں ہوگی جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ ہوگی۔