اسلامی یونیورسٹی میں خواتین کے پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) میں "خواتین کا مستقبل کی تشکیل: جدت، حوصلہ اور قیادت" کے موضوع پر خواتین کی پہلے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے دوسرے روز بین الاقوامی مقررین نے کلیدی خطابات کئے جن میں خواتین کو درپیش جدید چیلنجز، مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں خواتین کا کردار، صنفی مساوات اور عالمی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی گئی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ خواتین کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ نئی دنیا میں قیادت کا کردار ادا کر سکیں۔ بعد ازاں مختلف موضوعات پر متوازی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جن میں خواتین کی ڈیجیٹل جدت، قیادت، تنازعہ زدہ علاقوں میں خواتین کا کردار اور بدلتی دنیا میں کیریئر کی مطابقت جیسے موضوعات شامل تھے۔

(جاری ہے)

طلبہ، محققین اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ بہترین تحقیقی مقالہ جات پیش کرنے والے طلبہ اور اسکالرز کو "بیسٹ پیپر ایوارڈز" سے نوازا گیا۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے صدر آئی آئی یو آئی ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی خواتین کی قیادت، جدت اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے ایسے پلیٹ فارمز کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے شرکاء اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب میں وفاقی شرعی عدالت کے معزز جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور عالم، پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ عمر (پرو وائس چانسلر، سردار بہادر خان یونیورسٹی، بلوچستان)، پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ ابڑو (وائس چانسلر، سزابسٹ، لاڑکانہ)، شمون ہاشمی (پرنسپل سیکرٹری، قومی اسمبلی)، محمد ندیم (ڈی جی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن) سمیت آئی آئی یو آئی کے اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آخر میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ یہ کانفرنس آئی آئی یو آئی کی خواتین کی ترقی، قیادت اور عالمی مکالمے کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔