کپاس کے کاشتکار چنائی صبح 10 بجے شروع کریں اور سر ڈھانپ کر کریں، محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار چنائی صبح 10 بجے شروع کریں جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔کپاس کی فصل کی چنائی شام 4 بجے بند کر دینی چاہیے۔چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے سے مکمل کھلے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کریں اور بتدریج اوپر کو چنائی کرتے جائیں تاکہ پودے کے سوکھے پتے چنی ہوئی کپاس میں شامل نہ ہوں۔

چنائی کرتے وقت ٹینڈوں سے کپاس کو اچھی طرح نکال لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

چنائی کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا (جھولی)سوتی ہونا چاہیے۔چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ پھٹی کو آلودگی سے بچانے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔چنی ہوئی کپاس میں نمی، کچے ٹینڈے،کھوکڑی، رسیاں سوتلی، بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیں۔ پھٹی کو گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیا ہاتھ سے چن کر نکال دیں۔چنائی کرنے والیوں کو چاہیے کہ اپنے سر کو اچھی طرح کپڑے سے ڈھانپ کر چنائی کریں تاکہ اس میں انسانی بالوں کی آمیزش نہ ہو۔چنائی کے بعد پھٹی کو ایک دو دھوپ ضرور لگوائیں تاکہ نمی کو مناسب سطح پر لایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :