چیف ٹریفک آفیسر مری کا کوٹلی ستیاں کا دورہ، ٹریفک انتظامات کا جائزہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر نے کوٹلی ستیاں کادورہ کیا اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے لائسنسنگ برانچ کی اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کیے۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی او مری نے سرپرائز وزٹ کے دوران میلاد چوک اور لائسنسنگ برانچ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی ڈرائیور بغیر لائسنس سڑک پر نہ آئے۔

وسیم اختر نے مری میں جدید سہولتوں سے آراستہ ڈرائیونگ سکول کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ تربیت یافتہ ڈرائیور اپنی اور دوسروں کی جان کو محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایت دی کہ کوٹلی ستیاں میں ٹریفک کی روانی بلا تعطل برقرار رکھی جائے اور سیاحوں سمیت مقامی شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور ٹریفک وارڈنز کے ساتھ تعاون کر کے اپنے سفر کو محفوظ اور آسان بنائیں۔ سی ٹی او مری نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر کوٹلی ستیاں میں کسی بھی مقام پر ٹریفک مسائل درپیش ہوں تو وہ فوری طور پر ٹریفک کنٹرول روم مری کے نمبر 051-9269200 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔