ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس،پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس میں پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس کا مقصد ضلع میں 13 سے 16 اکتوبر کو منعقد ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت،محکمہ تعلیم،پولیس،کینٹ بورڈ،پاپولیشن ویلفیئر،محکمہ اطلاعات،پرائیویٹ تعلیمی اداروں،سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی سطح کا ایک اہم فریضہ ہے اور اس مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے اور ویکسینیشن سے انکار کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے تین ورکنگ ڈیز اور ایک کیچ اپ ڈے ہوگا جس دوران پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کیپسول بھی دئیے جائیں گے تاکہ بچوں کی عمومی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔

اجلاس میں گزشتہ مہم کے دوران سامنے آنے والی خامیوں،خاص طور پر مسنگ چلڈرن،فنگر مارکس کی عدم موجودگی اور ریفیوزلز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی،پرائیویٹ سکولز اور کالجز کو ہدایت دی گئی کہ وہ والدین کو مہم کی اہمیت سے آگاہ کریں اور بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوانے کا اہتمام کریں۔