Live Updates

مرکزی مسلم لیگ کراچی سے 10 ہزار سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے راشن روانہ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 14:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان کے ہمراہ مرکزی امدادی کیمپ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف کے لیے ہم پہلے روز سے میدان عمل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد مرکزی مسلم لیگ مسلسل ریلیف ورک میں مصروف ہے۔

فیصل ندیم نے کہا کہ بونیر اور مینگورہ میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر نقصان کیا، گھروں اور دکانوں سے مٹی اور پتھر ہٹائے گئے، بیواں کو نقد رقوم فراہم کی گئیں جبکہ اسکولوں اور پانی کی سپلائی لائنوں کو بحال کیا گیا۔ گلگت غذر میں آمدورفت کے لیے بوٹ سروس شروع کی گئی۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں جلال پور پیر والا میں تین ماڈل خیمہ بستیاں قائم کی گئیں جہاں متاثرین کو ریسکیو، رہائش اور کھانے کی سہولت دی گئی۔

شدید گرمی کے پیش نظر ہر خیمے میں سولر پلیٹ، پنکھے، بیٹری اور لائٹ نصب کی گئی۔ متاثرین کو ڈیڑھ ماہ کا راشن بھی فراہم کیا گیا۔ فیصل ندیم نے بتایا کہ پنجاب میں مسلم لیگ کی 62 کشتیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور 75 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی سے مزید 10 ہزار راشن بیگز، ملبوسات اور برتن روانہ کیے جا رہے ہیں جبکہ متاثرین کے لیے دو کمروں پر مشتمل مکانات بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ موسمیاتی تبدیلی اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کے لیے ملک گیر مہم شروع کرے گی اور مستقل بنیادوں پر ریسکیو سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔اس موقع پر احمد ندیم اعوان، صدر مرکزی مسلم لیگ کراچی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کراچی کے عوام نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اور اسی جذبے کے تحت بڑی تعداد میں امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری متاثرہ خاندان کو سہولت اور بحالی میسر نہیں آجاتی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات