ملائیشیا نے پاکستان کا ہر مصیبت میں ساتھ دیا جس کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاک ملائیشیا تجارت کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:03

ملائیشیا  نے پاکستان کا ہر مصیبت میں ساتھ دیا جس کو پاکستان قدر کی نگاہ ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیا نے پاکستان کا ہر مصیبت میں ساتھ دیا جس کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاک-ملائیشیا تجارت کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پاکستانی بیف کی ملائیشیا میں برآمد کیلئے متعلقہ ادارے قابل عمل و ٹھوس منصوبہ بندی تشکیل دیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارت کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں،ملائیشیا نے پاکستان کا ہر مصیبت میں ساتھ دیا جس کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارتی تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کو ملائیشیا میں پاکستانی برآمدی استعداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے دوران اجلاس ملائیشیا پاکستان تجارت بالخصوص پاکستانی بیف کی ملائیشیا برآمد کے حوالے سے ٹھوس لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔