محکمہ انسانی حقوق، یو این اواورموجز فائونڈیشن کے زیرِ اہتمام سرگودھا میں تربیتی ورکشاپ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) سرگودھا میں فرقہ وارانہ تشدد کے اثرات اور امن و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔سرگودھایوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (وائی ڈی ایف) نے اپنے پراجیکٹ ’’ملتان اور سرگودھا میں امن اور اقلیتی حقوق کے فروغ‘‘ کے تحت، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی )، موجز فاؤنڈیشن اور محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور حکومت پنجاب کے تعاون سے، ہوٹل ون سرگودھا میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

ورکشاپ کا مقصد فرقہ وارانہ تشدد کے اثرات کو اُجاگر کرنا، شمولیت کو فروغ دینا اور ضلع میں امن قائم رکھنے کی کوششوں کو مضبوط بنانا تھا۔اس تربیت میں 50 شرکانے حصہ لیا جن میں مسلمان اورمسیحی مردوخواتین، مذہبی رہنما، کمیونٹی انفلوئنسرزاورنوجوان نمائندگان شامل تھے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے دوران مختلف سیشنز میں فرقہ وارانہ تشدد کے سماجی، نفسیاتی اور انتظامی اثرات پر روشنی ڈالی گئی اورشرکانے اپنے تجربات اور خیالات شیئر کیے۔

ایکشن پلاننگ کے سیشن میں شرکانے عملی اقدامات تجویز کیے تاکہ ریفرل پاتھ ویز کو مضبوط بنایا جا سکے اور کمیونٹی کے اندر امن اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر وائی ڈی ایف کے نمائندگان ڈائریکٹر شاہد رحمت، پروگرام منیجر احمد ریاض اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر سناور بالم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرگودھا میں امن اور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ادارہ پائیدار روابط، آگاہی اور اجتماعی اقدامات جاری رکھے گا۔یہ تربیتی ورکشاپ سرگودھا میں کمیونٹی کی مزاحمتی صلاحیت کو مستحکم کرنے، تقسیم کے بجائے پل بنانے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش ثابت ہوئی۔