راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے بارے اجلاس ، عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات پر غور

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ملک ابرار، انجینئر قمر الاسلام، پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ضیاء اللہ شاہ، پارلیمانی سیکرٹری اوقاف ملک افتخار، چیئرمین انسپکشن ٹیم وزیر اعلیٰ پنجاب راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان، سابق میئر سردار نسیم احمد خان، سابق ایم این اے حاجی پرویز اور اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری نعیم اعجاز، ملک منصور افسر، شوکت بھٹی، چوہدری عمران الیاس، زیب النساء اعوان، تحسین فواد، طاہرہ مشتاق، عاصمہ ناز عباسی اور رفعت عباسی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما پیرزادہ راحت قدوسی اور فاروق خٹک سمیت دیگر شخصیات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران لیگی رہنمائوں نے کہا کہ راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کا آغاز ایک انقلابی قدم ہو گا جس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہے جس کے تحت عوام کو جدید اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت مسلسل منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے اور الیکٹرک بس سروس جیسے اقدامات شہریوں کے لیے سہولت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کی طرف بھی ایک بڑا قدم ہیں۔