کسانوں کا اتحاد بننے جا رہا حکومت ہوش کے ناخن لے،سردار یار محمد رند

کسانوں کو اتنا مجبور نہ کریں کے ان کے ہاتھ آپ کے گریبانوں تک پہنچ جائیں،رند قبیلے کے سربراہ سابق وفاقی و صوبائی وزیر

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء) رند قبیلے کے سربراہ سابق وفاقی و صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا کہ نگراں دور میں گندم کے نام پر 3ملین ڈالر کمائے گئے،دو تین سالوں سے حکومتی غلط پالیسیوں سے کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، کسانوں کا اتحاد بننے جا رہا حکومت ہوش کے ناخن لے،کسانوں کو اتنا مجبور نہ کریں کے ان کے ہاتھ آپ کے گریبانوں تک پہنچ جائیںیہ بات انہوں نے ہفتہ کو رند قلات کوئٹہ میں چیئر مین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

ملاقات میں کسانوں اور زمینداروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔سردار یار محمد رند کی کسانوں اتحاد کو احتجاج کے حوالے سے تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی ۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان کا زیادہ تر ذریعہ معاش زمینداری اور لائیو اسٹاک سے وابسطہ ہے، پچھلے سال گندم کے بحران کی وجہ سے زمینداروں کو بڑے پیمانے پرنقصانات ہوئے،اگراس سال بھی کسانوں کو نقصان دیا گیا تو اگلے سال کوئی گندم پیدا کرنے والا نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت میں 3 ملین ڈالر گندم کے نام پر کمائے گئے اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو چاروں صوبوں کے کسان گندم کاشت کرنا ہی چھوڑ دینگے،میری تین صوبوں میں زمینیں ہیں مگر مجبور ہوکر 50 فیصد کاشت چھوڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رویہ درست کرے کسان جاگ چکا ہے اپنے حقوق کے لئے بھر پور آواز اٹھائی جائے گی کسانوں کا اتحاد بننے جا رہا حکومت ہوش کے ناخن لے،کسانوں کو اتنا مجبور نہ کریں کے ان کے ہاتھ آپ کے گریبانوں تک پہنچ جائیںآرمی چیف ،وزیراعظم اور وزرائے اعلی کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے غور کریں۔