آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم

لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 30 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 30 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کردی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی سب انسپکٹر محمد ممتاز کو طبی اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے دئیے گئے۔

(جاری ہے)

زخمی کانسٹیبل مرزا کاشف صدیق کو 10 لاکھ روپے جبکہ زخمی کانسٹیبل نعمان گل کو 03 لاکھ روپے اور زخمی کانسٹیبل محمد ساجد کو اڑھائی لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ افسران و اہلکار فرض کی راہ میں مختلف واقعات کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجرا کی منظوری دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ غازی اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔