
بنگلہ دیش کا ترقی پذیر ممالک سے چرائی گئی دولت واپس لانے کا مطالبہ
یو این
ہفتہ 27 ستمبر 2025
23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 27 ستمبر 2025ء) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیر اعلیٰ محمد یونس نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی نظام ترقی پذیر ممالک سے وسائل کی غیرقانونی منتقلی کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ چوری شدہ دولت کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے سخت بین الاقوامی قوانین اپنانے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ممالک اور ادارے چوری شدہ اثاثوں کو تحفظ دیتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ یہ دولت اس کے اصل حقداروں، کسانوں، مزدوروں اور عام ٹیکس دہندگان کو واپس کریں۔
عالمی تجارتی تحفظ پسندی کا بڑھتا ہوا رجحان دنیا کو درپیش ایک اور بڑا مسئلہ ہے۔ اگر معیشتیں ایک دوسرے پر انحصار نہ کریں تو تنازعات میں اضافہ ہوگا اور ترقی کی رفتار رک جائے گی۔(جاری ہے)
انہوں نے خبردار کیا کہ انتہا پسندانہ قوم پرستی، دوسروں کی تکالیف پر پنپنے والی جغرافیائی سیاست اور انسانی تکلیف سے بے حسی اس ترقی کو تباہ کر رہی ہیں جو انسانیت نے دہائیوں کی جدوجہد سے حاصل کی ہے۔
غزہ میں یہ المیہ شدت سے دکھائی دیتا ہے اور فلسطینی مسئلے کے دو ریاستی حل کو اب فوراً نافذ کیا جانا چاہیے۔اصلاحات کا راستہ
محمد یونس کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش میں عوامی بیداری کی لہر اٹھی ہے اور ملک نے تبدیلی کی خواہش میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان کے ملک کی کہانی اس بات کی یاد دہانی ہے کہ عام لوگوں میں غیر معمولی طاقت چھپی ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی 2024 میں بنگلہ دیش کے نوجوانوں نے جبر و استبداد کے خلاف آواز بلند کی اور ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے حق میں کھڑے ہوئے۔ اب ان کے اور ان کے ساتھی رہنماؤں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایک تباہ حال معیشت اور ریاست کی دوبارہ تعمیر کریں۔
مشیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے انتظامی احکامات کے ذریعے فیصلے مسلط کرنے کے بجائے شمولیت پر مبنی اور اتفاق رائے سے برقرار رکھی جانے والی اصلاحات کا مشکل راستہ چنا ہے اور یہی راستہ پائیدار ہوتا ہے۔
شفافیت اور احتساب
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی اس جدوجہد کا مقصد ایسا جمہوری نظام قائم کرنا ہے جہاں طاقت متوازن ہو، جہاں کوئی آمر دوبارہ اقتدار میں نہ آسکے، جہاں کوئی منتخب رہنما جمہوریت کو تباہ نہ کر سکے اور جہاں عوام کے محافظ کبھی دوبارہ ان پر ظلم نہ ڈھا سکیں۔
محمد یونس نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے رہنما آزاد کمیشن قائم کر کے ان کے ذریعے عوام سے مشاورت کر رہے ہیں تاکہ اصلاحات کی ایک قابلِ عمل تجویز تیار کی جا سکے۔
قومی اتفاق رائے کمیشن نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک اجتماعی عہد ترتیب دیا ہے جس کا مقصد عوام کی خاطر اصلاحات لانا اور شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے تعاون سے وہ سابقہ آمرانہ دور میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں تاکہ یہ مظالم دہرائے نہ جا سکیں۔
بنگلہ دیش سے لوٹے گئے قومی وسائل کی بازیابی بڑی ترجیحات میں شامل ہے۔ گزشتہ 15 سال میں بدعنوانی کے ذریعے اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے جن کی واپسی کے لیے دیگر ممالک کا سیاسی عزم اور تعاون ناگزیر ہے۔
موسمیاتی تبدیلی
مشیر اعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھی عالمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنےاور ان سے مطابقت پیدا کرنے کی کوششوں کو تیز تر کرنا ہو گا۔
بنگلہ دیش ان دونوں نکات کو موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنس(کاپ 30) میں اپنے قومی متعین اقدامات کا حصہ بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، بالخصوص سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے والے ممالک سے توقع ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے پوری کریں گے۔
روہنگیا پناہ گزینوں کے مسئلے کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس گروہ کی پسماندگی کو دور کرنے میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی۔ ان کے خلاف امتیازی پالیسیوں کو میانمار میں کسی جامع سیاسی تصفیے کے بغیر بھی واپس لیا جا سکتا ہے۔
مزید اہم خبریں
-
تمام ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات کا احترام ہونا چاہیے، چینی وزیراعظم
-
بنگلہ دیش کا ترقی پذیر ممالک سے چرائی گئی دولت واپس لانے کا مطالبہ
-
سلامتی کونسل: ایران پر پابندیوں میں نرمی برقرار رکھنے کی قرارداد نامنظور
-
بھوٹان کا سلامتی کونسل کے مستقل اور غیر مستقل ارکان بڑھانے کا مطالبہ
-
پشاور جلسے میں شریک عوام کا عسکری رجیم اور اس کے حواریوں کے لیے پیغام ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کی ہر کوشش کو قوم مائنس کردے گی
-
سکیورٹی فورسز کا لکی مروت میں آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ 17 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا
-
سندھ اور کراچی میں جو سسٹم کام کر رہا ہے وہ اسلام آباد سے کنٹرول ہو رہا ہے
-
بجلی صارفین پر 6 سال کیلئے فی یونٹ 3 روپے سے زائد فکس چارجز عائد کرنے کا فیصلہ
-
آج کا جلسہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے
-
قتل اور تشدد کے الزامات، بشار الاسد کے وارنٹ گرفتاری جاری
-
پنجاب میں پاکستان کا پہلاجدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ایئرکوالٹی فورکاسٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے،صوبائی وزیرمریم اورنگزیب
-
قوم کو تقسیم کرنے والوں کو عوام ووٹ نہ دیں، ووٹ صرف خدمت اور کام پر دیں
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.