وزیراعلی بلوچستان کی وفاقی وزیر نوابزادہ خالدمگسی کو باپ پارٹی کا مرکزی صدر اور سینیٹر منظور کاکڑ کو سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد

ہفتہ 27 ستمبر 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات شفافیت اور جمہوریت کی روشن مثال ہیں وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر نوابزادہ خالد حسین مگسی کو مرکزی صدر، سینیٹر منظور کاکڑ کو مرکزی سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے تمام نو منتخب عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بی اے پی کی نئی قیادت صوبے اور ملک کے عوام کی خدمت کے عزم کو مزید آگے بڑھائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی مرکز اور صوبے میں ایک اہم اتحادی جماعت کی حیثیت سے کلیدی سیاسی کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی تنظیمی مضبوطی صوبائی و قومی سیاست پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی اے پی کے انٹرا پارٹی انتخابات جماعت کے اندر بہترین جمہوری عمل اور شفافیت کے مظہر ہیں ،نو منتخب قیادت نہ صرف عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گی بلکہ صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گی,وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نو منتخب ٹیم پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے نئے باب رقم کرے گی۔