سعودی عرب جدہ میں نیر ایسٹ فاریسٹری اینڈ رینج کمیشن کے 27ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا

اتوار 28 ستمبر 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) سعودی عرب 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جدہ میں نیر ایسٹ فاریسٹری اینڈ رینج کمیشن (این ای ایف آر سی) کے 27ویں اجلاس کی میزبانی کرے گاجس میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ تقریب اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) اور مملکت کے نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈویلپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔

جلاس میں جنگلات اور چراگاہوں کی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لیے جدید اور مربوط حل تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ گفتگو میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، غذائی نظام کو مضبوط بنانے اور پائیدار دیہی ترقی کے فروغ پر بھی غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے اہم نکات میں جنگلات کے شعبے کو ایگروفاریسٹری (زرعی جنگلات) کے ساتھ جوڑنا،بگاڑی ہوئی زمینوں اور ماحولیاتی نظام کی بحالی،خشک سالی اور صحراکاری کے حل تلاش کرنا،گرین سٹیز کے اقدامات کو آگے بڑھانا اورموسمیاتی لحاظ سے قابلِ مزاحمت زمینوں کے انتظام کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال شامل ہیں۔

سعودی وزیر برائے ماحولیات پانی اور زراعت عبدالرحمن الفضلی نے کہا کہ اس اجلاس کی میزبانی مملکت کے ماحولیاتی پائیداری کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اس وقت اقوام متحدہ کے کنونشن ٹو کمبیٹ ڈیزرٹیفیکیشن (UNCCD) کے COP16 کی صدارت کر رہا ہے اور سعودی گرین انیشی ایٹو اور مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو جیسے انقلابی منصوبوں کی قیادت جاری رکھے ہوئے ہے۔