لداخ کے عوام کی جدوجہد پر بھارتی بہتان تراشی ناقابل قبول، ایپکس باڈی کا ردعمل

لیہہ اور کرگل مظاہرو ں میں غیر ملکی ہاتھ کے بھارتی پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا

اتوار 28 ستمبر 2025 12:50

لیہہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) لداخ کی ایپکس باڈی (LAB) نے لیہہ اور کرگل میں جاری احتجاجی تحریک میں غیر ملکی مداخلت کے بھارتی حکام کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات جھوٹے، گمراہ کن اور لداخی عوام کے حقیقی مطالبات سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ایپکس باڈی کے سینئر رکن اشرف علی نے ایک بیان میں کہا کہ 24 ستمبر کو پرتشدد رخ اختیار کرنے والی تحریک مکمل طور پر مقامی مسائل کا نتیجہ ہے، اس میں کسی بیرونی قوت کا کوئی عمل دخل نہیں۔

انہوں نے کہا’’اس تحریک کو غیر ملکی ہاتھوں کے زیرِ اثر قرار دینا نہ صرف بے بنیاد ہے بلکہ لداخ کے عوام کی توہین بھی ہے۔‘‘اشرف علی نے بتایا کہ پولیس کے وحشیانہ تشدد سے تقریباً 90 شہری زخمی ہوئے جبکہ چار عام شہری جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک 23 سالہ طالب علم اور 42 سالہ لداخ اسکاوٹس کا اہلکار بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ایپکس باڈی نے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ یہ طے کیا جانا چاہیے کہ پرامن مظاہرین پر پولیس فائرنگ کا حکم کس نے دیا۔ تنظیم نے واضح کیا کہ غیر ملکی ہاتھ کا راگ الاپنے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ لداخی عوام کے حقیقی اور جائز مطالبات ہی ان احتجاجات کی اصل بنیاد ہیں۔