بھارت میں سیاسی جلسے کے دوران بھگڈر، 36 افراد ہلاک

تحقیقات کے لیے سابق جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کردیا،ریاستی وزیراعلیٰ

اتوار 28 ستمبر 2025 14:05

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)بھارتی ریاست تمل ناڈو کے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ اداکار سے سیاست دان بننے والے مقبول رہنما وجے کے انتخابی جلسے میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد جان سے چلے گئے۔ریاستی وزیر اعلی ایم کے سٹالن نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کیاکہ میں گہرے دکھ اور کرب کے ساتھ یہ جان کر افسردہ ہوں کہ اب تک 36 افراد، جن میں آٹھ بچے اور 16 خواتین شامل ہیں، جان سے جا چکے ہیں۔

رکن اسمبلی وی سنتھل بالاجی نے کہا کہ تقریبا 58 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔تملگا ویتری کڑگم (ٹی وی کی)پارٹی کے رہنما وجے، جو ایک ہی نام سے جانے جاتے ہیں، جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ ہنگامہ برپا ہو گیا اور انہیں تقریر روکنی پڑی۔ہجوم کا ایک بڑا حصہ وجے کی ایک جھلک دیکھنے کے شوق میں سٹیج کے سامنے لگی رکاوٹوں کی طرف لپکا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

(جاری ہے)

ریاستی وزیر اعلی نے اس المناک واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک سابق جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے فی کس 10 لاکھ انڈین روپے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ اس مشکل گھڑی میں ان کے لیے حوصلے کی دعا کرتا ہوں۔