افغانستان میں طالبان کے زیر حراست امریکی شہری کو رہا کر دیا گیا

عامر امیری اس سال افغانستان میں قید سے رہا ہونے والے پانچویں امریکی ہیں.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 ستمبر 2025 14:31

افغانستان میں طالبان کے زیر حراست امریکی شہری کو رہا کر دیا گیا
دوحہ/کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر ۔2025 )قطری ثالثوں کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان میں طالبان کے زیر حراست امریکی شہری رہا کر دیا گیا ہے طالبان کی قید سے رہائی پانے والے شخص کی شناخت عامر امیری کے نام سے ہوئی ہے وہ اس سال افغانستان میں قید سے رہا ہونے والے پانچویں امریکی ہیں. امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ قطر کی انتھک سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امیری کی رہائی ممکن ہو پائی ہے تاحال یہ واضح نہیں کہ عامر امیری کو کیوں حراست میں لیا گیا تھا امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اب بھی کئی امریکی شہری غیر منصفانہ طور پر نظر بند ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ ان کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہی ہے.

(جاری ہے)

قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ انہوں نے عامر امیری کی رہائی میں سہولت فراہم کی ہے اور امریکہ کے سفر سے قبل انھیں دوحہ لے جایا جا رہا ہے امریکی نشریاتی ادارے” سی بی ایس نیوز“کے مطابق قطر نے مارچ میں امیری کی رہائی کے لیے بات چیت شروع کی اور اس سے سلسلے میں ان کی اور امریکی ایلچی ایڈم بوہلر سے ملاقات کا انتظام کیا تھا. دوسری جانب افغانستان کے وزیرخارجہ امیر خان متقی سے کابل میں امریکہ کے خصوصی صدارتی ایلچی ایڈم ب±وہلر کی سربراہی میں ایک امریکی وفد نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ امارت اسلامی افغانستان غیر ملکی شہریوں سے متعلق معاملات کو سیاسی زاویے سے نہیں دیکھتی افغان حکومت کے ترجمان حمداللہ فطرت کے مطابق وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہے.

افغان وزیرخارجہ نے امریکی شہری کی رہائی کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کیا جس نے امریکہ اور امارتِ اسلامی کے درمیان قیدیوں کی رہائی میں موثر کردار ادا کیا امریکی ایلچی ایڈم ب±وہلر نے امریکی شہری کی رہائی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند لمحہ قرار دیا انہوں نے کہا کہ امارتِ اسلامی اور امریکہ کے درمیان گذشتہ مذاکرات مثبت اور تعمیری رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ باقی معاملات پر بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا.